ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول، ملی نغموں، کھیلوں اور ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسیرانِ جیل کو بھی جشنِ آزادی کی خوشیوں میں بھرپور شریک کیا گیا۔ پرچم کشائی، گارڈ آف آنر، شجرکاری، ملی نغمے، ٹیبلو، تقریری مقابلے اور کھیلوں کے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ جشنِ آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں جشنِ آزادی کے سلسلہ میں شاندار اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں حب الوطنی، کھیل اور ثقافت کا خوبصورت امتزاج دیکھنے میں آیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان، ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی اور سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر مظہر عباس خان تھے، جبکہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ڈاکٹر محمد صدیق گل اور جیل وزیٹر سرگودھا ڈویژن طارق حمید ملک سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، تاجران اور صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور گارڈ آف آنر سے ہوا، جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ جشنِ آزادی کی مناسبت سے جیل احاطے میں شجرکاری کی گئی اور اسیران میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
تقریب میں ملی نغموں، ٹیبلو، تقریری اور ثقافتی مقابلوں کے ساتھ ساتھ رسہ کشی، دوڑ اور والی بال کے دلچسپ مقابلے بھی ہوئے۔ تھل یونیورسٹی اور اسیرانِ جیل کی ٹیموں کے درمیان والی بال کا مقابلہ ہوا، جبکہ رسہ کشی میں اسیرانِ جیل اور پولیس وارڈنز نے حصہ لیا۔
اس موقع پر پاک فوج، پولیس، رینجرز اور جیل پولیس کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کے دفاع، امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا گیا۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں، سیاسی و سماجی شخصیات اور نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں میں تعریفی اور بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔
شرکاء نے جشنِ آزادی کی اس تقریب کو قومی جذبے، مثبت سوچ اور اصلاحی سرگرمیوں کے فروغ کی خوبصورت مثال قرار دیتے ہوئے جیل انتظامیہ کو کامیاب انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *