ڈیرہ: سابق تحصیلدار چوہدری منظور حسین کے چہلم کی تقریب ان کے آبائی شہر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلقہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں بریگیڈیئر مظہر حسین، انجینئر اظہر حسین، کنٹرولر تعلیمی بورڈ ڈیرہ پروفیسر محمد مظفر حسین خان سمیت فوج، تعلیمی اداروں، محکمہ صحت، ورکس اینڈ سروسز، وکلا، میڈیا، مذہبی و سماجی شخصیات اور مقامی شہریوں نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے مرحوم کی سماجی اور فلاحی خدمات کو سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ چوہدری منظور حسین نے اپنی زندگی عوامی خدمت، معاشرتی ہم آہنگی اور علاقے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے ضرورت مند افراد، یتیم بچوں اور مستحق خاندانوں کی مدد کو ہمیشہ اپنی ذمہ داری سمجھا اور مختلف فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کیا۔
شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی شخصیت علاقے میں عزت، دیانت اور خدمتِ خلق کی علامت سمجھی جاتی تھی، جبکہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پُر ہونا ممکن نہیں۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم کی خدمات اور اچھے اخلاق انہیں ہمیشہ لوگوں کی یادوں میں زندہ رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر مرحوم کے ایصالِ ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
