کمیر شریف گورنمنٹ گرلز کالج میں طالبات کی صحت اور غذائی آگاہی کے لیے مفت غذائی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹرز اور ڈائٹیشن نے طالبات کو صحت مند خوراک کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔

گورنمنٹ گرلز کالج کمیر شریف میں طالبات کی صحت اور بہتر غذائی عادات کے فروغ کے لیے مفت غذائی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا انتظام انٹرنیشنل ہسپتال کی ٹیم کی جانب سے کیا گیا، جبکہ سینئر ڈائٹیشن ڈاکٹر شیزا نایاب سمیت تقریباً 20 خواتین ڈاکٹرز اور طبی ماہرین نے کیمپ کی نگرانی کی۔
کیمپ کے دوران طالبات کا وزن اور BMI چیک کیا گیا، انہیں غذائی مشاورت فراہم کی گئی اور صحت مند و متوازن خوراک کے حوالے سے مفید معلومات دی گئیں۔ ماہرین نے طالبات کو روزمرہ زندگی میں بہتر غذائی عادات اپنانے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔گورنمنٹ گرلز کالج کمیر شریف میں طالبات کی بنیادی طبی ضروریات کے لیے باقاعدہ ڈسپنسری بھی موجود ہے، جہاں معمولی چوٹ، درد، بخار اور دیگر ابتدائی نوعیت کے مسائل میں طالبات کو طبی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔طالبات نے مفت غذائی کیمپ کو مفید قرار دیتے ہوئے کالج پرنسپل اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کالج انتظامیہ کی جانب سے تعلیم کے ساتھ ساتھ طالبات کی صحت اور دیگر بنیادی سہولیات پر توجہ دینا قابلِ تحسین اقدام ہے۔کمیر شریف اور گردونواح کے والدین کے لیے بھی یہ ایک مثبت پیغام ہے کہ اپنی بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے انہیں دور دراز علاقوں میں بھیجنے کے بجائے گورنمنٹ گرلز کالج کمیر شریف میں داخل کروائیں، تاکہ علاقے کی بچیاں اپنے ہی شہر میں بہتر تعلیمی ماحول سے استفادہ کرتے ہوئے روشن مستقبل کی جانب قدم بڑھا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *