دیگر شہروں کی طرح شیر گڑھ کے نواحی علاقہ چک کمبوہ میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ایک عظیم الشان جلوس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلوس کی قیادت قاری فیض و رسول نے کی ۔ جلوس مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر پہنچا۔ شرکاء نے سبز جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ فضا درود و سلام، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور ’’یا نبی ﷺ‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر قاری فیض و رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں عاشقانِ رسول ﷺ اپنے اپنے انداز میں حضور اکرم ﷺ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں، اور جشنِ ولادتِ رسول ﷺ ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے۔
جلوس سے خطاب کرتے ہوئے قاری فیض و رسول نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی اطاعت ہی حقیقی کامیابی اور نجات کا راستہ ہے۔ صرف نعروں اور دعووں کے بجائے ہمیں اپنی عملی زندگی میں سنتِ رسول ﷺ کو اپنانا ہوگا۔ گھروں میں سنت، معاملات میں دیانت، معاشرے میں عدل، زبان میں سچائی، اخلاق میں رحمت اور دلوں میں تقویٰ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ختمِ نبوت کا تحفظ ہمارا دینی فریضہ ہے اور محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالیں۔
جلوس کے اختتام پر پاکستان میں امن و استحکام، فرقہ واریت، لسانی و گروہی تعصبات کے خاتمے اور قوم کے اتحاد و یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ پاکستان کو مضبوط، فلاحی اور اسلامی ریاست بنانے اور امتِ مسلمہ کو قرآن و سنت کے اصولوں پر چلنے کی توفیق کے لیے بھی دعا مانگی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *