کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا چکوال کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ
کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلیمان غنی نے ضلع چکوال کا دورہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی، جہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، تعمیراتی محکموں کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں اور ان پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
کمشنر سلیمان غنی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کے ثمرات بروقت حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں، اس لیے ہر منصوبے میں شفافیت، معیار اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے، تعمیراتی کام کے ہر مرحلے پر معیار کو برقرار رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق حکومتی اقدامات کو ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچانا تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
بعد ازاں کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے بھون روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں اور بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت چھپڑ بازار میں ہونے والی ترقیاتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی معیار مزید بہتر بنانے اور کام کی رفتار برقرار رکھنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال چکوال کا بھی دورہ کیا، جہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں گزشتہ سال مون سون بارشوں سے متاثر ہونے والے ڈوھمن پل اور تکیہ شاہ مراد کازوے پر کیے گئے بحالی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ موجودہ مون سون سیزن کے دوران عوام کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات ہر وقت فعال رکھے جائیں۔
vidIQ
