رحیم یار خان: موٹروے پولیس اور ایل آر بی ٹی آئی کے اشتراک سے ڈرائیورز کے لیے مفت طبی معائنہ کیمپ

رحیم یار خان میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایل آر بی ٹی آئی ہسپتال کے تعاون سے قومی شاہراہ پر پبلک سروس اور ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لیے مفت آئی اسکریننگ اور طبی معائنہ کیمپ کا انعقاد کیا۔

کیمپ کا انعقاد سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا محمد اسماعیل کی نگرانی میں کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں ڈرائیورز نے اپنی صحت کا معائنہ کروایا۔ اس موقع پر ماہر طبی عملے نے شرکاء کی بینائی کے ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی بھی جانچ کی۔

ڈاکٹروں نے ڈرائیورز کو آنکھوں کی صحت، محفوظ ڈرائیونگ اور بروقت طبی معائنے کی اہمیت سے آگاہ کیا، جبکہ ضرورت مند افراد کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں اور مزید علاج کے حوالے سے ضروری رہنمائی دی گئی۔

موٹروے پولیس کے حکام کا کہنا تھا کہ پیشہ ور ڈرائیورز کی جسمانی صحت محفوظ سفر کے لیے نہایت اہم ہے، اسی مقصد کے تحت ایسے فلاحی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ دورانِ سفر ممکنہ طبی مسائل اور حادثات کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

کیمپ میں شریک ڈرائیورز نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سہولیات نہ صرف ان کی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں بلکہ محفوظ سفر کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *