چکوال: ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس آفیسر چکوال، ڈی ایس پی راجہ محمد سرفراز نے عوامی پریس کلب ضلع چکوال (رجسٹرڈ) کے وفد سے ملاقات کے دوران شہریوں کو ٹریفک سے متعلق نئی سہولیات، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے لیے متعارف کرائے گئے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس چکوال کا نیا دفتر جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جہاں شہری ایک ہی مقام پر ڈرائیونگ لائسنس، رہنمائی اور دیگر متعلقہ خدمات سے آسانی اور بروقت استفادہ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو بہتر اور تیز رفتار سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ڈی ایس پی راجہ محمد سرفراز نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت 16 سے 18 سال عمر کے نوجوانوں کے لیے مخصوص شرائط کے ساتھ جووینائل موٹر سائیکل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا جا رہا ہے۔ اس پرمٹ کے حصول کے لیے والدین یا قانونی سرپرست کی رضامندی، مقررہ ٹیسٹ اور دیگر قانونی تقاضوں کی تکمیل لازمی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جووینائل پرمٹ صرف مخصوص کیٹیگری کی موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دیتا ہے اور اسے مکمل یا عام ڈرائیونگ لائسنس تصور نہیں کیا جا سکتا۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ تمام قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد ہی ڈرائیونگ لائسنس یا پرمٹ حاصل کریں۔
ڈی ایس پی نے عوام پر زور دیا کہ دورانِ سفر موٹر سائیکل سوار لازمی ہیلمٹ استعمال کریں، جبکہ گاڑی چلانے والے سیٹ بیلٹ باندھنے کو اپنی عادت بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ صرف قانونی ذمہ داری ہے بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور پیدا کریں، انہیں ذمہ دار شہری بننے کی ترغیب دیں اور کم عمری میں غیر قانونی ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
آخر میں ڈی ایس پی راجہ محمد سرفراز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک پولیس چکوال شہریوں میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کو مزید مؤثر اور وسیع پیمانے پر جاری رکھے گی تاکہ محفوظ سفر کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔
