ٹوبہ ٹیک سنگھ: ریسکیو 1122 اہلکاروں کی جدید تربیت، کنفائنڈ اسپیس ریسکیو پر خصوصی ورکشاپ

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریسکیو 1122 کی جانب سے ہنگامی حالات میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کنفائنڈ اسپیس ریسکیو اور دیگر جدید ریسکیو تکنیکوں پر خصوصی تربیتی ورکشاپ اور عملی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی سرگرمی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں ریسکیو افسران اور اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

ورکشاپ کا بنیادی مقصد ایسے حادثات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا جو مین ہولز، سیوریج لائنوں، کنوؤں، ٹینکوں اور دیگر محدود یا بند جگہوں پر پیش آ سکتے ہیں۔ تربیت کے دوران محفوظ اور مؤثر ریسکیو آپریشنز کے مختلف مراحل پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔

شرکاء کو سرچ اینڈ ریسکیو، ہائی اینگل ریسکیو، جدید ریسکیو آلات کے استعمال، ذاتی حفاظتی سامان (PPE)، گیس ڈیٹیکشن، وینٹیلیشن، رسک اسیسمنٹ، ٹرائی پوڈ ریسکیو سسٹم، ہارنیس اور ریسکیو لائنز کے درست اور محفوظ استعمال سے متعلق عملی اور نظری تربیت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ فرضی ریسکیو مشقیں بھی کرائی گئیں تاکہ اہلکار حقیقی ہنگامی صورتحال میں عین وقت اور مؤثر انداز میں کارروائی کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے کہا کہ محدود جگہوں پر پیش آنے والے حادثات انتہائی حساس نوعیت کے ہوتے ہیں، اس لیے جدید تربیت، معیاری حفاظتی آلات اور طے شدہ حفاظتی ضابطوں (SOPs) پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر ریسکیو آپریشن سے قبل جامع رسک اسیسمنٹ کی جائے اور تمام اہلکار حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کا مقصد صرف بروقت امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ اپنے اہلکاروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنا بھی ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایسی تربیتی سرگرمیاں مستقبل میں بھی باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی تاکہ ریسکیو سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *