اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمال مغربی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے باعث آئندہ دو روز کے دوران مختلف علاقوں میں بارش کا امکان موجود ہے۔
منگل کی پیش گوئی:
کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے مقامی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
بدھ کی پیش گوئی:
بدھ کے روز بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کی توقع ہے، تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال:
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔ ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہا۔
سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے سیدو شریف میں 88 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کاکول اٹھتر ملی میٹر اور میر کھانی اڑتیس ملی میٹر بارش کے ساتھ نمایاں رہے۔ پنجاب میں فیصل آباد 77 ملی میٹر، سیالکوٹ سٹی 73 ملی میٹر، گجرات 54 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین 49 ملی میٹر اور اوکاڑہ 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، گوجرانوالہ، چکوال، مری، شیخوپورہ، نارووال اور دیگر شہروں میں بھی مختلف شدت کی بارش ہوئی۔ بلوچستان میں ژوب، گلگت بلتستان میں بابوسر اور گلگت جبکہ آزاد کشمیر میں مظفرآباد اور گڑھی دوپٹہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت:
گزشتہ روز ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوکنڈی اور سبی میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس سے ان علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہی۔
