ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران موسم میں تبدیلی متوقع ہے، جہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ موسمی تبدیلی کے اثرات بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیشگوئی کے مطابق مغربی موسمی اثرات کے نتیجے میں بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، قلات اور خضدار شامل ہیں، جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

موسمی صورتحال میں تبدیلی کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور سردی کی شدت بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بارشوں کے بعد چلنے والی سرد ہوائیں کراچی کے موسم پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ شہریوں کو بدلتی ہوئی موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *