ملک پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو موسم کی تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بلند پہاڑی مقامات پر برفباری متوقع ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں بارش کے بعد چلنے والی سرد ہوائیں سندھ کے موسم پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسم پہلے ہی سرد ہو چکا ہے۔ آزاد کشمیر کی مختلف وادیوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری نے موسم کو مزید سرد بنا دیا ہے۔
وادی کشمیر کے معروف سیاحتی اور پہاڑی مقامات گنگا چوٹی، درہ حاجی پیر اور مکڑا پہاڑ پر برف کی تہہ جم گئی ہے، جس سے ان علاقوں کے قدرتی مناظر نے سفید چادر کی شکل اختیار کرلی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت کم ہونے سے سردی میں نمایاں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
ادھر مری اور ایبٹ آباد میں بھی رات گئے موسم نے کروٹ بدلی، جہاں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد دونوں شہروں میں ٹھنڈ بڑھ گئی جبکہ مقامی شہریوں اور سیاحوں کو موسم کی شدت کا سامنا ہے۔
موسمی تبدیلی کے اثرات بلوچستان سے سندھ تک محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سرد ہواؤں کی آمد سے کراچی میں بھی موسم نسبتاً ٹھنڈا ہونے کی توقع ہے۔ شہریوں کو درجہ حرارت میں ممکنہ کمی کے باعث احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ دو سے تین روز بالائی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برفباری کے امکانات برقرار رہیں گے۔ پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد کو روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
