منچن آباد: ڈپٹی کمشنر بہاول نگر سید عباس شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ تحصیل منچن آباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سرکاری منصوبوں اور اداروں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں انتظامی نگرانی کے عمل کو مزید اثر انداز بنانے کے لیے فیلڈ دورہ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
منچن آباد کے دورے کے دوران سید عباس شاہ نے ماڈل بازار، سیوریج منصوبے اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کا معائنہ کیا۔ سیوریج منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کام کے معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبے میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کا عندیہ دیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کا دورہ کیا، جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سید حسنین شاہ نے انہیں ایمرجنسی، وارڈز اور دیگر شعبوں کے انتظامات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف شعبوں کا معائنہ کرنے کے بعد مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لانے، صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور علاج معالجے کی خدمات کو مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو معیاری سرکاری خدمات میسر کرنا ہے، اس لیے ترقیاتی منصوبوں کی صاف شفاف تکمیل اور سرکاری اداروں کی مؤثر کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
دورے کے موقع پر صحت، میونسپل کمیٹی، ٹریفک پولیس، ریونیو، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، جبکہ مختلف منصوبوں اور اداروں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
