لاہور: انجمن اتحاد ترقی میوات پاکستان کے انتخابات میں سرگرمیاں تیز، امیدواروں نے انتخابی منشور پیش کرنا شروع کر دیا
لاہور میں میو برادری کی سماجی اور فلاحی تنظیم انجمن اتحاد ترقی میوات پاکستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں صدارتی امیدوار راؤ سرفراز علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے انتخابی منشور اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران راؤ سرفراز علی نے کہا کہ انجمن اتحاد ترقی میوات پاکستان کا قیام کئی دہائیاں قبل میو برادری کے بزرگوں نے نوجوان نسل کی تعلیم، فلاح و بہبود اور سماجی ترقی کے مقصد سے عمل میں لایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدوکی کالج کے قیام کے لیے مخیر حضرات نے زمین عطیہ کی، تاہم اس منصوبے کو عملی شکل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے آغاز کے بعد تنظیم کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ملک بھر میں انجمن کے انتخابات خصوصی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تقریباً پانچ ہزار نئے افراد نے تنظیم کی رکنیت اختیار کی، جس سے نہ صرف تنظیمی دائرہ کار وسیع ہوا بلکہ مالی وسائل میں بھی اضافہ ممکن ہوا۔
راؤ سرفراز علی نے وعدہ کیا کہ اگر انہیں میو برادری نے خدمت کا موقع دیا تو بدوکی کالج کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے، ڈونرز کے اعتماد کو مضبوط بنانے، تعلیمی منصوبوں کو وسعت دینے اور نوجوانوں کے لیے مزید فلاحی اقدامات کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے میو برادری سے اپیل کی کہ وہ تنظیم کے روشن مستقبل کے لیے ان کی حمایت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کر کے برادری کے افراد سے ملاقاتیں کریں گے، ان کی تجاویز سنیں گے اور انتخابی مہم کو عوامی رابطے کے ذریعے آگے بڑھائیں گے۔
پریس کانفرنس میں راؤ غفار میو، عثمان شبیر میو، شہباز احمد ایڈووکیٹ، چوہدری نعمت علی میو سمیت تنظیم سے وابستہ دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔ آئندہ انتخابات میں میو برادری کس امیدوار کو اپنی قیادت کے لیے منتخب کرتی ہے، اس کا فیصلہ ووٹنگ کے عمل میں سامنے آئے گا۔
