ڈیرہ اللہ یار میں پولیس اور شہریوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں شہریوں نے مقامی مسائل، سیکیورٹی سے متعلق تجاویز اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کھلی کچہری کا انعقاد آئی جی بلوچستان کی ہدایات اور ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کامران نواز کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ اجلاس کی صدارت ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان نے کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل طالب حسین لاشاری، ایس ایچ او سٹی جاوید احمد کھوسہ، سی آئی انچارج محمد پناہ لاشاری، شہری اتحاد، انجمن تاجران، اقلیتی برادری کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہری اتحاد کے صدر حاجی محمد طاہر عمرانی نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد، رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر کے اہم چوراہوں، تجارتی مراکز، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ مشتبہ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی ممکن ہو اور جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

حاجی محمد طاہر عمرانی نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس گشت اور ناکہ بندی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہری اتحاد آئندہ بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا اور شہر میں امن، سماجی ہم آہنگی اور عوامی تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔

اجلاس کے دوران پولیس حکام نے شہریوں کی آراء اور تجاویز کو سنا اور یقین دلایا کہ عوامی مسائل کے حل، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی بہتری کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *