کراچی کی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے دو ہفتوں پر مشتمل تقریبات کا آغاز ایک باوقار پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا۔ تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا اور وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ، انتظامی افسران اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی اور قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کے بعد ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ قومی ذمہ داریوں کا احساس تازہ کرنے کا بھی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، نظم و ضبط، دیانت داری اور حب الوطنی وہ بنیادی اصول ہیں جو قوموں کی ترقی اور استحکام کی بنیاد بنتے ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار، کردار اور رہنما اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں شامل کریں
، جدید تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دیں۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نگہت شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، فیکلٹی ممبران، طلبہ، انتظامی افسران اور یونیورسٹی کے دیگر ملازمین بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی، امن، تعلیم اور سماجی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق جشنِ آزادی کے سلسلے میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران مختلف تعلیمی، ثقافتی، ادبی اور ملی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور قائداعظمؒ کے نظریات سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
