پنوعاقل میں آئی بی اے 40 پلس امتحان کامیاب کرنے والے امیدواروں نے تقرری کے آفر آرڈرز جاری نہ ہونے پر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کی قیادت علی اصغر، نعمان سومرو، نصراللہ، عزیز اللہ مہر، لاَریب حسین اور عبدالغفار نے کی، جبکہ متعدد امیدوار بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ آئی بی اے 40 پلس امتحان کامیابی سے پاس کرنے کے باوجود انہیں اب تک تقرری کے آفر آرڈرز موصول نہیں ہوئے، جس کے باعث وہ شدید بے یقینی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ طویل انتظار نے ان کے روزگار کے امکانات متاثر کیے ہیں اور سرکاری ملازمت کے لیے مقررہ عمر کی حد بھی ختم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔
احتجاج کرنے والے امیدواروں نے رکنِ قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ، صوبائی وزیر جام اکرام اللہ خان دھاریجو اور وزیرِ تعلیم سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کامیاب امیدواروں کے آفر آرڈرز بلا تاخیر جاری کیے جائیں تاکہ ان کی تعیناتی کا عمل مکمل ہو سکے۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ بے روزگاری کے باعث نہ صرف وہ خود بلکہ ان کے اہلِ خانہ بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ میرٹ پر کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو جلد از جلد ان کا حق دیا جائے اور تقرری کے عمل میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ان کے مستقبل سے وابستہ خدشات دور ہو سکیں۔
