گجومتہ تا قصور گرین بس روٹ پر بنیادی سہولیات کا فقدان، مسافر مشکلات سے دوچار

لاہور کے گجومتہ سے قصور تک گرین بس سروس کی فراہمی نے عوام کے لیے آمدورفت کو آسان ضرور بنایا ہے، تاہم بس اسٹاپس اور انتظار گاہوں کی عدم دستیابی کے باعث روزانہ سفر کرنے والے شہری شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں بس کے انتظار کے دوران کھلے آسمان تلے شدید دھوپ، بارش اور گرمی برداشت کرنا پڑتی ہے۔ بزرگ افراد، خواتین، طلبہ اور بچوں کے لیے یہ صورتحال مزید دشوار ہو جاتی ہے کیونکہ بیشتر مقامات پر نہ سایہ موجود ہے، نہ بیٹھنے کی مناسب جگہ اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولتیں۔

شہریوں کے مطابق جدید ٹرانسپورٹ سروس کا مقصد عوام کو آرام دہ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا ہے، لیکن اگر بس اسٹینڈز، شیڈز، نشستوں اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں تو اس منصوبے کے مکمل فوائد عوام تک نہیں پہنچ پاتے۔

مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ گجومتہ سے قصور تک گرین بس کے تمام اہم اسٹاپس پر جدید طرز کے بس اسٹینڈز، انتظار گاہیں اور دیگر ضروری سہولیات جلد از جلد قائم کی جائیں تاکہ روزانہ ہزاروں مسافروں کو بہتر، محفوظ اور باعزت سفری ماحول فراہم کیا جا سکے۔

شہریوں نے پنجاب حکومت سے اپیل کی ہے کہ گرین بس پلان منصوبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھی توجہ دی جائے، تاکہ عوام کو سفری سہولت کے ساتھ بنیادی آسائشیں بھی یکساں طور پر دستیاب ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *