شہید پولیس کانسٹیبل محمد رفیق سیال کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ڈیرہ مراد جمالی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران، جوانوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا، ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر، ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان، ایس پی ہائی وے خاوند بخش کھوسہ، ڈی ایس پی سٹی محمد شمن سولنگی، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نثار احمد بلوچ سمیت محکمہ پولیس کے متعدد افسران اور اہلکار شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی، جبکہ وطن کی خاطر دی جانے والی ان کی قربانی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ فضا سوگوار تھی اور شرکا نے شہید کے ایثار، بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل محمد رفیق سیال کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پولیس افسران نے اس موقع پر کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
افسران نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ محکمہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا، جبکہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
