وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “محفوظ پنجاب” وژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کے زیر اہتمام آگاہی اور تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد نوجوانوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے اور شہری تحفظ کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس ماہم آصف ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر طارق عثمان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، سرکاری افسران اور سول ڈیفنس ریزیلینس کور کے رضاکار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
پروگرام کے آغاز پر ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیمینار کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سول ڈیفنس وارڈنز نے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے بم ڈسپوزل یونٹ کے جدید آلات، حفاظتی سازوسامان اور ہنگامی امدادی وسائل کا معائنہ بھی کیا۔ انہیں مختلف آلات کے استعمال اور ہنگامی صورتحال میں ان کی افادیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل نے بتایا کہ گزشتہ برس قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کے سلسلے میں ضلع بھر میں چھ ہزار سے زائد نوجوانوں اور شہریوں کو سول ڈیفنس ریزیلینس کور میں رجسٹر کیا گیا، جبکہ چار ہزار سے زیادہ رضاکاروں کو ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے، انخلاء، سرچ اینڈ ریسکیو اور دیگر ہنگامی اقدامات کی عملی تربیت دی جا چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور سول ڈیفنس ریزیلینس کور میں ان کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ نئی نسل قومی خدمت اور سماجی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں تربیت یافتہ رضاکار انسانی جانوں کے تحفظ اور فوری امدادی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں میں تحفظ، ذمہ داری اور رضاکارانہ خدمات کے فروغ کے لیے مختلف پروگراموں پر کام کر رہی ہے تاکہ ہر ضلع میں تربیت یافتہ رضاکاروں کا مؤثر نیٹ ورک قائم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سیمینار نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتیں، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کا ادارہ عوامی آگاہی، ہنگامی تیاری اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر سول ڈیفنس ریزیلینس کور میں بطور رضاکار شامل ہونے والے نوجوانوں میں تربیتی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ہنگامی حالات، قدرتی آفات اور عوامی خدمت کے مختلف شعبوں میں سول ڈیفنس کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
