جیکب آباد میں شہر کے اہم مسائل کے حل، امن و امان کی بحالی، صحت و تعلیم کی سہولیات کی بہتری اور صفائی ستھرائی کے نظام کو فعال بنانے کے لیے سیاسی، سماجی، مذہبی، قومپرست جماعتوں اور ٹریڈ یونین تنظیموں پر مشتمل شہری اتحاد کے زیر اہتمام سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت شہری اتحاد کے صدر میر محمد یاسر اکرم ابڑو نے ابڑو ہاؤس میں کی، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، وکلاء، ٹریڈ یونین نمائندوں، اقلیتی برادری، سول سوسائٹی، صحافیوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں شہری اتحاد کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں شہر کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، تعلیمی اداروں کی زبوں حالی، صحت کے اہم مراکز کی بندش اور غیر فعالیت، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سرکاری دفاتر میں مبینہ کرپشن پر تشویش کا اظہار کیا
مقررین کا کہنا تھا کہ شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ گیس، پانی، بجلی، صحت اور تعلیم جیسے اہم مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، تعلیمی اداروں کو فعال کرنے، بند صحت مراکز بحال کرنے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتربنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں
رہنماؤں نے اعلان کیا کہ شہری اتحاد کے پلیٹ فارم سے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے جلد احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ متعلقہ حکام کو شہریوں کے مسائل کی جانب توجہ دلائی جا سکے
