بہاولنگر: دین پور شریف میں گلی کی بندش، اہلِ علاقہ کو مشکلات، ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ
خبر شامل کرتے ہیں بہاول نگر سے ہمارے سٹی رپورٹر ملک عاقب مشتاق سے بھاولنگر دین پور شریف، جٹو والا مکہ ٹاؤن میں مبینہ طور پر 20 سے 25 سال سے زیرِ استعمال گزرگاہ پر دیوار تعمیر کیے جانے سے اہلِ محلہ کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق گزشتہ پانچ سے چھ روز سے راستہ بند ہونے کے باعث خواتین، بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو دشواری پیش آ رہی ہے، جبکہ مسجد آنے جانے سمیت روزمرہ معمولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ گزرگاہ ہنگامی حالات، ایمبولینس اور جنازوں کی آمدورفت کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔ شہریوں کے مطابق انہوں نے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ فریقین اور سرکاری اداروں سے رجوع کیا ہے، جبکہ راستے اور اراضی سے متعلق قانونی دستاویزات کی بنیاد پر معاملے کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
متاثرہ شہریوں نے حکومتِ پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر موقع کا معائنہ کیا جائے، اراضی کے ریکارڈ اور دستیاب دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے تاکہ اہلِ علاقہ کی مشکلات دور ہوں اور کسی فریق کے قانونی حقوق بھی متاثر نہ ہوں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ متعلقہ انتظامیہ شہریوں کی شکایات کا نوٹس لے کر اس معاملے کو کب تک حل کرتی ہے
