بھریا سٹی کے قریب گورنمنٹ کیمپس ہائی اسکول ڈالی کے بنیادی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
بھریا سٹی کے قریب گورنمنٹ کیمپس ہائی اسکول ڈالی میں یونین کونسل ڈالی کے چیئرمین احمد خان نائچ، حسین احمد نائچ، علی خان نائچ اور یوسی ٹیم کی آمد پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر اسکول کے سینئر ہیڈ ماسٹر عبداللطیف عباسی، عبدالرؤف سولنگی اور پرائمری اسکول ڈالی کے انچارج سائیں جانی میمن سمیت طلبہ و طالبات نے مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور سندھ کی ثقافتی سوغات اجرک اور ٹوپی پیش کرکے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے یوسی چیئرمین احمد خان نائچ کو اسکول کے بنیادی مسائل سے آگاہ کیا، جن میں طلبہ کے لیے فرنیچر کی کمی، پینے کے پانی کے لیے نلکوں اور موٹر کی فراہمی کے مسائل شامل تھے۔
یوسی چیئرمین احمد خان نائچ نے اسکول انتظامیہ کو مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسکول میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔
اسکول انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ مسائل جلد حل کرکے طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
