بارش کے بعد اسسٹنٹ کمشنر دریا خان کا فوری ایکشن، نکاسیٔ آب کا کام تیز، شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتِ حال پر اسسٹنٹ کمشنر دریا خان رانا محمد شفیق فوری طور پر متحرک ہو گئے۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے جاری آپریشن کا خود جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ان مقامات کا خصوصی معائنہ کیا جہاں بارش کے باعث پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آ سکتی تھیں۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ مینول طریقے کے ساتھ ساتھ سکر مشینوں کے ذریعے بھی نکاسیٔ آب کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ سڑکوں اور بازاروں کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جا سکے۔
رانا محمد شفیق نے کہا کہ بارش کے بعد شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کا عمل مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس موقع پر نکاسیٔ آب کا عمل تیزی سے جاری رہا جبکہ شہریوں نے بارش کے بعد فوری اقدامات اور انتظامیہ کی بروقت نگرانی کو خوش آئند قرار دیا۔
