رحیم یار خان میں تھانہ کوٹسمابہ پولیس پر شہری کو مبینہ تشدد کے بعد ہلاک کرنے کے سنگین الزامات سامنے آ گئے، ورثا نے لاش نہ ملنے پر تھانے کے باہر احتجاج کیا جبکہ مقدمہ ایس ایچ او، سب انسپکٹر سمیت پانچ افراد کے خلاف درج کر لیا گیا۔
رحیم یار خان کے تھانہ کوٹسمابہ کی حدود میں پولیس حراست میں ایک شہری کی مبینہ ہلاکت کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا۔ ورثا کا الزام ہے کہ شہری کو تھانے میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے وہ جان کی بازی ہار گیا، جبکہ پولیس نے معاملہ دبانے کے لیے لاش کو مبینہ طور پر دریا برد کر دیا۔ لاش نہ ملنے پر اہل خانہ اور شہریوں نے تھانہ کوٹسمابہ کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ لاش فوری طور پر بازیاب کر کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے۔ ورثا نے خبردار کیا ہے کہ اگر لاش نہ ملی تو وہ تھانے کے باہر دھرنا دیں گے۔ دوسری جانب واقعے کا مقدمہ تھانہ کوٹسمابہ میں ایس ایچ او، سب انسپکٹر سمیت پانچ افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
