اسسٹنٹ کمشنر لالیاں میڈم حبیبہ بلال کا لیڈیز پارک لالیاں کا دورہ، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ
اسسٹنٹ کمشنر لالیاں میڈم حبیبہ بلال نے لیڈیز پارک لالیاں کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے پارک میں جاری تعمیراتی کاموں، واکنگ ٹریک، گرین بیلٹس، روشنی کے انتظامات، بینچوں کی تنصیب اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں معیاری انداز میں مکمل کیا جائے، کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ میڈم حبیبہ بلال نے کہا کہ لیڈیز پارک خواتین اور بچوں کے لیے صحت مند تفریح کی اہم سہولت ہے، اس کی خوبصورتی اور سہولتوں میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پارک میں خواتین کے لیے محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے عملے کو پارک کی روزانہ صفائی، پودوں کی دیکھ بھال اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
