اخترصدیقی ۔۔۔۔۔۔
ہمارے معاشرے میں عقیدت اور احترام کے جذبات اکثر اتنے گہرے ہو جاتے ہیں کہ ہم قانون اور ملکیت کے بنیادی اصولوں کو نظر انداز کر بیٹھتے ہیں۔ بالخصوص مزارات اور درگاہوں کے معاملے میں یہ روایت عام رہی ہے کہ جہاں کسی بزرگ یا عزیز کی قبر پر لوگوں کا آنا جانا شروع ہوا اور نذرانوں کا سلسلہ چل نکلا، وہاں وقت کے ساتھ ساتھ سرکاری ادارے یا دیگر فریقین اس زمین پر اپنا حق جتانے لگتے ہیں۔ حال ہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کا ایک نہایت اہم اور دور رس نتائج کا حامل فیصلہ سامنے آیا ہے جس نے نہ صرف نجی ملکیت کے آئینی حق کو تحفظ فراہم کیا ہے بلکہ محکمہ اوقاف کے اختیارات کی حدود کا بھی واضح تعین کر دیا ہے۔
جسٹس شاہد وحید کا تحریر کردہ دس صفحات پر مشتمل یہ فیصلہ محض ایک زمین کے ٹکڑے کا تنازع نہیں بلکہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی فتح ہے۔ معاملہ کچھ یوں تھا کہ ایک نجی ملکیتی زمین پر مالک نے اپنے کسی عزیز کی قبر تعمیر کی، جو وقت گزرنے کے ساتھ عقیدت مندوں کی آمدورفت کے باعث ایک مزار کی شکل اختیار کر گئی۔ محکمہ اوقاف نے 19 نومبر 2003 کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پانچ کنال تین مرلے پر محیط اس قیمتی اراضی اور اس پر قائم عمارتوں کا انتظام سنبھال لیا۔ طویل قانونی جنگ کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ اوقاف کے اس اقدام کو کالعدم قرار دیا، جس کے خلاف چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
عدالتِ عظمیٰ نے محکمہ اوقاف کی اپیل خارج کرتے ہوئے انتہائی واضح اور دوٹوک قانونی نکات بیان کیے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ کسی نجی زمین پر قبر کے مزار بن جانے، زائرین کی آمدورفت شروع ہونے یا وہاں نذرانے جمع ہونے سے وہ زمین خودبخود وقف نہیں ہو جاتی اور نہ ہی اس کی ملکیت محکمہ اوقاف کو منتقل ہوتی ہے۔ کسی بھی جائیداد کو وقف قرار دینے کے لیے یہ ثابت کرنا لازم ہے کہ مالک نے اپنی آزاد مرضی اور واضح ارادے سے اسے مستقل طور پر وقف کیا ہے۔ محض ریونیو ریکارڈ میں دربار کا اندراج ہو جانا ملکیت کا ثبوت نہیں بن سکتا، اور نہ ہی زندہ مالک کی رضامندی کے بغیر محکمہ اوقاف کسی کی نجی اراضی کو اپنی تحویل میں لینے کا مجاز ہے۔
اس فیصلے کا ایک اور قابلِ ستائش پہلو سرکاری اداروں کی من مانیوں کا سدباب ہے۔ سپریم کورٹ نے اس بات پر زور دیا کہ وقف ہونے کا دعویٰ کرنے والے فریق پر ہی یہ ثابت کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ زمین واقعی وقف کی گئی تھی۔ مزید برآں، محکمہ اوقاف نے قبضہ لیتے وقت نوٹس کی تعمیل اور دیگر قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے تھے، جس کی بنا پر 2003 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور بے اختیار قرار پایا۔ عدالت نے محکمہ اوقاف کو حکم دیا ہے کہ وہ تیس روز کے اندر اندر زمین اور اس پر قائم عمارتوں کا قبضہ اور کنٹرول اصل مالک کے حوالے کرے اور ریونیو حکام اس غیر قانونی نوٹیفکیشن کی بنیاد پر کی گئی تمام اراضی تبدیلیاں فوری طور پر درست کریں۔
ہمارے ملک میں قبضہ مافیا کے ساتھ ساتھ بعض اوقات سرکاری محکمے بھی اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے شہریوں کو ان کی آبائی اور نجی املاک سے محروم کر دیتے ہیں، اور پھر انصاف کے حصول میں دہائیاں بیت جاتی ہیں۔ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ایک روشن نظیر ہے جو اس امر کی ضمانت دیتا ہے کہ ریاست اور اس کے ادارے قانون کے پابند ہیں، اور کسی بھی شہری کی نجی ملکیت کو محض عوامی عقیدت یا انتظامی نوٹیفکیشن کی آڑ میں غصب نہیں کیا جا سکتا۔ یہ فیصلہ آئندہ بھی اس نوعیت کے بے شمار تنازعات کو حل کرنے اور شہریوں کے جائیداد کے حق کو محفوظ بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا
