پنجاب کی سرزمین ایک مرتبہ پھر سیاسی سرگرمیوں کےلئےگرم ہوچکی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں، اپوزیشن کی سرگرمیوں اور حکومتی اقدامات نے صوبے کی سیاسی فضا کو ایک بار پھر گرم کر دیا ہے۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بار میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس بھی اسی سیاسی صورتحال کا ایک اہم حصہ تھی، جس میں مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تاہم اس کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی شرکت نہ ہو سکنے کا معاملہ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بن گیا۔
اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا، جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے گھر کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں اور انہیں کانفرنس میں شرکت کے لیے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس اقدام کے خلاف لاہور ہائی کورٹ بار اور جے یو آئی وکلا فورم کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی، جس میں مولانا فضل الرحمان کی بازیابی اور انہیں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے لاہور ہائی کورٹ بار کا دورہ کیا اور کانفرنس میں شرکت بھی کی، لیکن مولانا فضل الرحمان وہاں نہ پہنچ سکے۔ چنانچہ انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کیا، جسے شرکاء نے براہ راست سنا۔ اس واقعے پر اپوزیشن رہنماؤں اور وکلا برادری کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور حکومتی اقدام کو سیاسی سرگرمیوں میں غیر ضروری رکاوٹ قرار دیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرکے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا۔ یوں پیپلز پارٹی سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں نے اس اقدام پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ وکلا برادری کا مؤقف بھی یہی ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو اس انداز میں روکنا اور ایک قانونی و آئینی فورم پر ہونے والی سیاسی سرگرمی میں شرکت سے محروم رکھنا جمہوری روایات کے منافی ہے
بعض سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمیاں بھی اس صورتحال کا پس منظر ہو سکتی ہیں۔ 26 نومبر کو سرگودھا میں ان کی ایک بڑی کانفرنس متوقع ہے، جس کے حوالے سے بھی سیاسی حلقوں میں مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ مولانا کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ پنجاب میں اپنی جماعت کا سیاسی دائرہ مزید وسیع نہ کر سکیں۔ تاہم اس حوالے سے حکومتی مؤقف اور اصل وجوہات کا سامنے آنا بھی ضروری ہے۔
یہ امر بھی قابل غور ہے کہ لاہور ہائی کورٹ بار کی آل پارٹیز کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان کو مدعو کیا جانا غیر معمولی سیاسی اہمیت کا حامل تھا۔ اس کانفرنس کا بنیادی موضوع آئین، جمہوریت، پارلیمانی نظام اور سیاسی آزادیوں سے متعلق تھا، ایسے میں ایک اہم اپوزیشن رہنما کو شرکت سے روکنے کا معاملہ یقیناً کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
حکومت کے لیے بھی یہ بات قابل غور ہونی چاہیے کہ سیاسی اختلافات کا جواب سیاسی مکالمے اور جمہوری رویوں سے دیا جاتا ہے، نہ کہ رکاوٹوں اور پابندیوں سے۔ بالخصوص وہ سیاسی جماعتیں جو ماضی میں مولانا فضل الرحمان کے سیاسی تعاون اور پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مشترکہ جدوجہد کے نتیجے میں اقتدار تک پہنچی ہیں، ان سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کے باوجود اپنے سابقہ اتحادیوں کے جمہوری اور آئینی حقوق کا احترام کریں گی۔
اب سب کی نظریں لاہور ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت اور 26 نومبر کو سرگودھا میں منعقد ہونے والی کانفرنس پر مرکوز ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا مولانا فضل الرحمان کو آئندہ اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی یا ان کے راستے میں مزید رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی
جمہوریت کا حسن ہی اختلاف رائے، سیاسی برداشت اور آزادانہ سیاسی سرگرمیوں میں ہے۔ اگر حکومتیں اپنے مخالفین کی آواز دبانے اور ان کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی روش اختیار کریں تو اس سے سیاسی کشیدگی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرے، آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے اور سیاسی اختلافات کو انتظامی طاقت کے بجائے مذاکرات اور سیاسی رواداری کے ذریعے حل کرے۔
کیونکہ سیاست میں طاقت کے ذریعے راستے بند کرنے کی کوششیں وقتی طور پر تو کسی سرگرمی کو روک سکتی ہیں، لیکن عوامی اور سیاسی ردعمل کو ہمیشہ کے لیے نہیں روکا جا سکتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب سیاسی اختلافات کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے تو بعض اوقات یہی دباؤ ایک بڑے سیاسی بحران کا سبب بن جاتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *