اخترصدیقی ۔۔۔۔۔۔۔
​سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ خاندانی جائیداد کے پرانے اور الجھے ہوئے تنازعات کے حوالے سے ایک نہایت اہم اور دور رس اصول سامنے لایا ہے، جس سے ان لاکھوں وارثوں کو سہارا مل سکتا ہے جو برسوں سے اپنے جائز شرعی یا قانونی حصے سے محروم رکھے جاتے ہیں۔ عدالتِ عظمیٰ نے یہ بات دو ٹوک انداز میں واضح کر دی ہے کہ وراثتی جائیداد میں ہر وارث کا حق محفوظ ہے اور کوئی ایک فرد اسے ہڑپ نہیں کر سکتا، خواہ وقت کا کتنا ہی طویل عرصہ کیوں نہ گزر جائے۔ اس فیصلے کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ جائیداد میں حصہ نہ ملنے کی صورت میں متاثرہ وارث چھ سال کے اندر قانونی چارہ جوئی کر سکے گا، لیکن اس چھ سالہ مدت کا آغاز اسی وقت شمار ہوگا جب وارث کو اپنے حق سے محرومی کا علم ہو۔ یہ نکتہ عملی طور پر اس لیے انتہائی اہم ہے کہ ہمارے معاشروں میں اکثر بہنوں، بیٹیوں یا کمزور ورثا کو لاعلم رکھ کر یا خاموشی اور خاندانی دباؤ کا فائدہ اٹھا کر جائیداد کے معاملات نمٹا لیے جاتے ہیں، اور جب انہیں حقیقت کا پتا چلتا ہے تو وقت گزر چکا ہوتا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ کسی وارث کو لاعلم رکھ کر اس کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
​اس قانونی وضاحت کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کی بروقت تقسیم یقینی بنانے کے لیے حکومت کو مؤثر قانون سازی کی سفارش بھی کی ہے، جو اس مسئلے کے مستقل حل کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔ عدالت کے مطابق جائیداد کی بروقت تقسیم محض ایک انفرادی خواہش نہیں بلکہ ورثا اور متعلقہ حکام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور جب تک ریکارڈ، انتقال اور تقسیم کے طریقہ کار کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے قانون سازی نہیں کی جاتی، تب تک خاندانی جھگڑے عدالتوں اور گھروں کی دہلیز پر جنم لیتے رہیں گے۔
​خاندانی جائیداد کے جھگڑے اکثر رشتوں کی ٹوٹ پھوٹ، نسل در نسل مقدمات اور معاشی ناانصافی کا باعث بنتے ہیں، جن کا سب سے زیادہ نقصان ان افراد کو اٹھانا پڑتا ہے جن کے پاس اثر و رسوخ یا قانونی رسائی کم ہوتی ہے۔ اگر حکومت عدالت کی سفارش کے مطابق بروقت قانون سازی کرے اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں، تو نہ صرف عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو سکتا ہے بلکہ گھروں کے اندر پیدا ہونے والی تلخیوں اور حق تلفی کا سلسلہ بھی بڑی حد تک تھم سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *