مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے لیے اب مشکلات کی گھنٹیاں بجنا شروع ہو گئی ہیں، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان مشکلات میں اضافے کا سبب کوئی دوسری سیاسی جماعت نہیں بلکہ خود مسلم لیگ (ن) بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ بظاہر حکومت اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مار رہی ہے، جس کا خمیازہ اسے آنے والے دنوں میں بھگتنا پڑ سکتا ہے۔
ایک طرف ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے بحث زور پکڑ رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) چونکہ اس وقت اقتدار میں ہے، اس لیے وہ خواہ دلی طور پر اس معاملے پر متفق ہو یا نہ ہو، لیکن عملاً صوبوں کی تقسیم کے مؤقف کے ساتھ کھڑی دکھائی دے رہی ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقاریر نے ملکی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ گزشتہ شب ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کے تصور کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئین اور پارلیمان کے مقابلے میں ریفرنڈم کے ذریعے کیے جانے والے فیصلوں کی کوئی آئینی اہمیت نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم کو ربڑ اسٹیمپ کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ ایک ایسی بااختیار پارلیمنٹ چاہتے ہیں جو تمام قومی فیصلے کرے اور جسے ملک کے معاملات میں فیصلہ کن حیثیت حاصل ہو۔ ان کے بقول پارلیمنٹ سے باہر کیے جانے والے فیصلے کسی بھی طور ملکی مفاد میں ثابت نہیں ہو سکتے۔
بلاول بھٹو نے ایک مرتبہ پھر مولانا فضل الرحمان کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد مولانا سے ملاقات کرکے اس معاملے پر بات کریں گے۔ اس بیان کو موجودہ سیاسی حالات میں خاصی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ ایک طرف مسلم لیگ (ن) صوبوں کے معاملے پر ایک الگ سمت میں دکھائی دے رہی ہے تو دوسری طرف اس کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کا مؤقف مختلف نظر آ رہا ہے۔
ادھر مولانا فضل الرحمان کی سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات نے ایک نیا سیاسی محاذ کھول دیا ہے۔ 26 نومبر کو سرگودھا میں مولانا کے جلسہ عام کا انعقاد ہونا تھا، لیکن حکومت نے انہیں جلسے میں شرکت سے روکنے کے لیے مختلف رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ بظاہر جلسہ صرف سرگودھا میں ہونا تھا، مگر حکومتی رکاوٹوں کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے پورے ملک کو احتجاج کی کال دے دی اور اعلان کیا کہ اگر انہیں جلسے کی اجازت نہیں دی جاتی تو ملک بھر کی موٹرویز اور قومی شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔اس اعلان کے بعد جو صورت حال سامنے آئی، اس نے حکومت کو یقیناً ایک مشکل امتحان میں ڈال دیا۔ مولانا کی تقریر کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ملک کے مختلف حصوں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر احتجاج شروع ہو گیا۔ کراچی سے گلگت، چلاس اور کوہستان تک مختلف اہم شاہراہیں بند ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں صوبوں کاایک دوسرےسے رابطہ منقطع ہوگیا اس احتجاج کے نتیجے میں مسافروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گاڑیوں کی کئی کئی کلومیٹر طویل قطاریں لگ گئیں اور بعض مقامات پر لوگوں کو دس سے بارہ گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر حکومت نے ایک سیاسی جلسے کو روکنے کے لیے ایسی حکمت عملی کیوں اختیار کی جس کے نتیجے میں احتجاج ایک شہر سے نکل کر ملک گیر سطح پر پھیل گیا اگر سرگودھا میں جلسہ ہونے دیا جاتا تو شاید معاملہ وہیں تک محدود رہتا، لیکن حکومتی رکاوٹوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپنی سیاسی قوت اور اسٹریٹ پاور دکھانے کا ایک وسیع موقع فراہم کر دیا۔ یوں حکومت نے خود ایک جلسے کو روک کر ملک بھر میں احتجاج کی راہ ہموار کر دی۔ مولانا نے جمعہ کے روز بھی ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، جس سے آنے والے دنوں میں حکومت کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی سیاسی حکمت عملی بھی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ جس مولانا فضل الرحمان کے سیاسی تعاون اور حمایت سے ماضی میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی اور موجودہ حکمران اتحاد اقتدار تک پہنچا، آج اسی مولانا کے ساتھ حکومت کا رویہ ایک سخت سیاسی حریف جیسا دکھائی دے رہا ہے۔ مولانا کو پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہ ملنا، جلسوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اور انہیں محدود رکھنے کی کوششیں اس بات کا اشارہ ہیں کہ حکومت اپنے ہی ایک سابقہ حلیف کے ساتھ سیاسی محاذ آرائی میں الجھ چکی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کو پنجاب میں درپیش مشکلات اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندیوں کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ بھی سخت نوٹس لے چکی ہے، لیکن اس کے باوجود صورت حال میں تاحال کوئی واضح بہتری دکھائی نہیں دے رہی۔ سوال یہ بھی ہے کہ اگر سیاسی جماعتوں کو جلسے جلوس اور عوامی اجتماعات کی اجازت نہیں دی جائے گی تو پھر جمہوری سیاست کا راستہ کیسے کھلا رہے گامجموعی طور پر دیکھا جائے تو مسلم لیگ (ن) بیک وقت کئی سیاسی محاذوں پر مشکلات کا سامنا کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک طرف صوبوں کے معاملے پر اس کے اتحادیوں کے مؤقف میں اختلافات سامنے آ رہے ہیں، دوسری طرف مولانا فضل الرحمان کے ساتھ محاذ آرائی بڑھ رہی ہے اور تیسری جانب ملک گیر احتجاج حکومت کے لیے ایک نیا چیلنج بن رہا ہے۔ ایسے حالات میں یہ تاثر بھی تقویت پکڑ رہا ہے کہ مقتدر حلقوں کی جانب سے بھی حکومت کو بعض معاملات پر سرخ جھنڈیاں دکھائی جانے لگی ہیں،
مسلم لیگ (ن) کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاست میں اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا اقتدار حاصل کرنے سے کہیں زیادہ مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ اگر حکومت اپنے سیاسی حلیفوں کو ہی دیوار سے لگانے کی پالیسی جاری رکھے گی تو اس کے لیے مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھیں گی۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ جن سیاسی قوتوں کے سہارے آج حکومت قائم ہے، کل وہی قوتیں حکومت کے لیے سب سے بڑا سیاسی چیلنج بن جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *