کیا ملک میں ایک بار پھر آئین کے تحفظ، جمہوریت کی بالادستی اور پارلیمانی نظام کی بقا کے لیے کوئی نئی جدوجہد جنم لے رہی ہے کیا موجودہ سیاسی حالات میں آئینی حوالے سے ایسے تضادات، خدشات اور خطرات موجود ہیں جنہوں نے ملک کی وکلا برادری کو متحرک ہونے پر مجبور کر دیا ہے موجودہ سیاسی صورتحال میں ملک کی مختلف بار ایسوسی ایشنز نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو اپنے ہاں مدعو کرنا شروع کر دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی زندگی کا جائزہ لیا جائے تو آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور پارلیمانی نظام کے تحفظ کے حوالے سے ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے مختلف سیاسی ادوار میں جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، آمریت کے خلاف آواز بلند کی اور اس راہ میں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ حکمرانوں کے غیر جمہوری عزائم کے سامنے مزاحمت کرنا اور پارلیمانی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا سیاسی کردار ادا کرنا ان کی جدوجہد کا اہم حصہ رہا ہے۔
اس جدوجہد میں وکلا برادری کا کردار بھی ہمیشہ قابلِ تحسین اور ناقابلِ فراموش رہا ہے۔ جب بھی ملک میں آئین کی بالادستی کو خطرہ لاحق ہوا، جمہوری اداروں کی خودمختاری پر سوالات اٹھے یا آئینی حدود سے تجاوز کی کوشش کی گئی تو وکلا برادری نے اپنی آواز بلند کی۔ یہی وہ طبقہ ہے جو آئین اور قانون کی پاسداری کو ریاست کے استحکام کی بنیادی ضمانت سمجھتا ہے اور ضرورت پڑنے پر میدانِ عمل میں آنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ایک طرف مولانا فضل الرحمٰن نے آئین، جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے تحفظ کے حوالے سے اپنا سیاسی مؤقف زیادہ مؤثر انداز میں سامنے لانا شروع کیا ہے تو دوسری طرف ملک کی مختلف بار ایسوسی ایشنز نے انہیں خطاب کے لیے مدعو کرنا شروع کر دیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ بار، کراچی بار، کوئٹہ بار اور بنوں بار کی جانب سے دعوتیں ملنا اس سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں، جبکہ پشاور ہائی کورٹ بار میں ان کے گزشتہ روز کا خطاب اور وکلا برادری کی جانب سے ان کا فقیدالمثال استقبال اس تمام صورتحال کو مزید اہم بنا دیتا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ بار میں مولانا فضل الرحمٰن کی آمد پر جس انداز سے وکلا نے ان کا استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا، وہ یقیناً ایک غیر معمولی منظر تھا۔ تقریباً 38 سال بعد اس نوعیت کا استقبال ان کے سیاسی سفر کا ایک اہم واقعہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہ استقبال صرف سیاسی شخصیت کا استقبال نہیں تھا بلکہ ایک ایسے سیاسی رہنما کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی تھا جس نے اپنی طویل سیاسی زندگی میں آئینی اور پارلیمانی جدوجہد کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔
مولانا نے پشاور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے جس انداز میں اپنا نقطہ نظر پیش کیا، وکلا برادری نے اسے نہ صرف توجہ سے سنا بلکہ بھرپور پذیرائی بھی دی۔ اس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا کہ آئین کی بالادستی اور پارلیمانی نظام کے تحفظ کے معاملے پر سیاسی قیادت اور وکلاءبرادری میں اتحادواتفاق پایاجاتاہے
اب سوال یہ ہے کہ کیابیک وقت مختلف بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے ایک قومی سیاسی رہنما کو مدعو کرنے کا سلسلہ صرف اتفاق ہےیا اس کے پس منظر میں موجودہ آئینی اور سیاسی حالات کے حوالے سے کوئی وسیع تر تشویش بھی کارفرما ہے اس سوال کا حتمی جواب تو وقت ہی دے گا، تاہم ملک بھر کی وکلا برادری کی بیک وقت سرگرمی اور مولانا فضل الرحمٰن کو مختلف شہروں میں خطاب کی دعوتیں ملنا یقیناً ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے۔
موجودہ قومی سیاسی صورتحال بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات، صوبوں کی تقسیم سے متعلق بحث، آئینی معاملات پر مختلف آرا اور حکومتی حلقوں کی جانب سے ریفرنڈم کی باتیں ایک نئی بحث کو جنم دے رہی ہیں۔ ایسے ماحول میں آئین کو پس پشت ڈال کر کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کی جا سکتی جو آئینی تقاضوں، پارلیمانی روایات اور قومی اتفاقِ رائے کے منافی ہو۔ ریاستی معاملات میں بنیادی اہمیت آئین، قانون اور عوامی نمائندگی کو حاصل ہونی چاہیے۔
یہی وجہ ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے آئینی بالادستی کے حوالے سے آواز بلند کرنا اور وکلا برادری کا انہیں اپنے پلیٹ فارم پر مدعو کرنا ایک معنی خیز پیش رفت دکھائی دیتی ہے۔ اس سے یہ پیغام بھی سامنے آتا ہے کہ آئین کے تحفظ کا معاملہ کسی ایک سیاسی جماعت یا شخصیت کا نہیں بلکہ پوری قوم، تمام سیاسی جماعتوں، قانونی برادری اور جمہوری قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پشاور کے بعد اب مولانا فضل الرحمٰن کے اگلے سیاسی اور فکری پڑاؤ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور بنوں کی بار ایسوسی ایشنز ہونگے جہاں انہیں خطاب کی دعوتیں مل چکی ہیں۔ ان اجتماعات میں ان کا مؤقف اور وکلا برادری کا ردعمل یقیناً موجودہ سیاسی ماحول میں مزید اہمیت اختیار کرے گا۔
بلاشبہ وکلا برادری ملک کا ایک ایسا باشعور اور آئینی شعور رکھنے والا طبقہ ہے جو جب کسی قومی مقصد کے لیے متحد ہو کر میدان میں اترتا ہے تو اس کی آواز کو نظرانداز کرنا آسان نہیں ہوتا۔ تاہم اس جدوجہد کا اصل تقاضا یہی ہے کہ تمام اقدامات آئینی، قانونی اور پُرامن دائرے میں رہتے ہوئے کیے جائیں۔
اب وقت آ گیا ہے کہ قومی سیاسی جماعتیں ذاتی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہوری اداروں کے استحکام اور قومی وحدت کے لیے مشترکہ مؤقف اختیار کریں۔ حکمرانوں کو بھی حالات کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو آئینی بحران، سیاسی انتشار اور قومی بے چینی کو جنم دیں۔
کیونکہ تاریخ کا سبق یہی ہے کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کسی ایک جماعت، ایک حکومت یا ایک طبقے کا مسئلہ نہیں ہوتا بلکہ اس کے اثرات پوری ریاست اور آنے والی نسلوں تک پہنچتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آئین کو ہر قسم کے سیاسی مفادات سے بالاتر رکھتے ہوئے اس کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔ یہی پاکستان کے استحکام، جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمانی نظام کی بقا کا راستہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *