پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک مرتبہ پھر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے قربتیں بڑھانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ پیر کے روز مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے نہ صرف ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا بلکہ ان کے مؤقف کی بنیاد پر جاری کردار کشی کی مہم کی بھی شدید مذمت کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بلاول بھٹو نے اگلے ہی روز منگل کو کراچی پریس کلب کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اپنی تقریب کا بیشتر حصہ مولانا فضل الرحمٰن کے نام کر دیا۔اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے اس بات پر ندامت کا اظہار کیا کہ پی ڈی ایم کے دوران مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے مولانا کے ساتھ ناانصافی کی، وہ آج اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہیں اور اسی شخصیت کے خلاف کردار کشی کی مہم چلا رہے ہیں جس کی سیاسی جدوجہد اور حمایت کے نتیجے میں انہیں اقتدار تک پہنچنے کا موقع ملا۔ بلاول کے بقول اگر پی ڈی ایم کا اتحاد نہ ہوتا تو شاید آج موجودہ حکمران اقتدار کی کرسیوں پر براجمان نہ ہوتے۔
بلاول بھٹو کی یہ بات اپنی جگہ اہم ہے کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی کردار کشی اور بے بنیاد الزامات کی شکل نہیں دینی چاہیے۔ تاہم ان کے اس خطاب کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سوال یہ ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ واقعی زیادتی ہوئی ہے تو اس زیادتی کا احساس اتنی تاخیر سے کیوں ہوا جب اقتدار کی سیاست اپنے عروج پر تھی، اس وقت پیپلز پارٹی کو مولانا کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کیوں دکھائی نہیں دی
اس سے بھی زیادہ حیران کن بات بلاول بھٹو کاستائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے یہ اعتراف تھا کہ یہ ترمیم ان سے زور زبردستی منظور کروائی گئی۔ یہ بیان بظاہر ایک بڑا سیاسی انکشاف ہے، لیکن اس کے ساتھ کئی سوالات بھی جنم لیتے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے مولانا فضل الرحمٰن سے بارہا رابطے کیے۔ بلاول بھٹو اور ان کی جماعت کے رہنما مولانا کی رہائش گاہ پر متعدد مرتبہ حاضر ہوئے اور انہیں اس ترمیم کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔اگر ترمیم واقعی زور زبردستی منظور کروائی جا رہی تھی تو پھر مولانا کے در پر بار بار حاضری دینے اور انہیں قائل کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی اس وقت تو پیپلز پارٹی کا طرزِ عمل ایسا دکھائی دیتا تھا جیسے وہ خود اس ترمیم کی سب سے بڑی حامی اور مدعی ہو۔ اب جب سیاسی حالات کا رخ تبدیل ہو رہا ہے تو اسی جماعت کے چیئرمین یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے زبردستی ترمیم منظور کروائی گئی۔ آخر یہ اعتراف پہلے کیوں نہیں کیا گیا
یہاں ایک اور اہم سوال بھی پیدا ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو کا خطاب بظاہر اپوزیشن کے جارحانہ مؤقف اور مولانا فضل الرحمٰن کے سیاسی مزاج سے ہم آہنگ دکھائی دیتا ہے، لیکن زمینی سیاسی صورت حال اس سے مختلف ہے۔ پیپلز پارٹی اب بھی اقتدار کے نظام کا حصہ ہے۔ ان کے والد آصف علی زرداری منصبِ صدارت پر فائز ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے، گلگت بلتستان میں بھی جماعت اقتدار میں ہے اور خیبر پختونخوا میں گورنر کا منصب بھی پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ گویا ایک طرف اقتدار کے اہم مناصب پر جماعت کی موجودگی ہے اور دوسری طرف بلاول بھٹو حکومت کی پالیسیوں اور آئینی اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔اگر بلاول بھٹو اپنے مؤقف میں واقعی سنجیدہ ہیں، انہیں خدشہ ہے کہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے صوبوں کی تقسیم یا صوبائی خودمختاری سے متعلق کوئی ایسا اقدام کیا جا سکتا ہے جو ملک کے وفاقی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ہو، تو پھر انہیں تقریروں اور بیانات سے بڑھ کر عملی اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔ انہیں اپنی جماعت کے اقتدار میں ہونے کے سیاسی کردار پر واضح مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔ اگر وہ واقعی موجودہ نظام سے اختلاف رکھتے ہیں تو اس اختلاف کو پارلیمنٹ، حکومت اور متعلقہ آئینی فورمز پر عملی طور پر ثابت کرنا ہوگا۔ اپوزیشن جیسی تقریریں کرنا اور دوسری طرف اقتدار کے ثمرات سے مستفید ہونا سیاسی تضاد کے سوا کچھ نہیں۔
بلاشبہ مولانا فضل الرحمٰن پاکستانی سیاست کی ایک اہم اور مؤثر شخصیت ہیں۔ ان کی سیاسی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب بھی ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں کسی سیاسی بحران، آئینی مسئلے یا اقتدار کی بند گلی میں پھنس جاتی ہیں تو انہیں مولانا کی یاد ستانے لگتی ہے۔ ان کے دروازے پر سیاسی رہنماؤں کی آمدورفت شروع ہو جاتی ہے اور ہر جماعت کوشش کرتی ہے کہ مولانا کو اپنے مؤقف کے حق میں قائل کیا جائے۔ لیکن جب اقتدار کے ایوانوں میں ان جماعتوں کے لیے آسائشیں اور مراعات کے دروازے کھل جاتے ہیں تو یہی لوگ مولانا کو تنہا چھوڑ دیتے ہیں۔یہ طرزِ سیاست کسی صورت مناسب نہیں۔ ہماری سیاسی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں سیاسی جماعتوں نے ضرورت کے وقت ایک دوسرے کا سہارا لیا، اتحاد بنائے، وعدے کیے اور پھر اقتدار ملنے کے بعد انہی وعدوں کو فراموش کر دیا۔ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ بھی ماضی میں یہی رویہ اختیار کیا جاتا رہا ہے۔ مشکل وقت میں ان کی سیاسی بصیرت اور تجربے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، لیکن اقتدار کی منزل حاصل ہوتے ہی ان کی قربت اور مشاورت غیر اہم ہو جاتی ہے۔
بلاول بھٹو اگر واقعی مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر نادم ہیں تو انہیں اس ندامت کو الفاظ تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔ سیاسی ہمدردی کا اصل امتحان مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے سے ہوتا ہے، نہ کہ ایسے وقت میں تعریفیں کرنے سے جب سیاسی حالات کسی نئے اتحاد یا مفاہمت کا تقاضا کر رہے ہوں۔
اگر کسی جماعت کو موجودہ نظام، آئینی ترامیم یا حکومتی اقدامات پر اعتراض ہے تو اسے آئین اور پارلیمانی جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے واضح اور عملی جدوجہد کرنی چاہیے۔ عوام کو سیاسی نعروں، اقتدار کی رسہ کشی اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے کوئی ریلیف نہیں ملنے والا۔
سیاست ذاتی مفادات اور اقتدار کی کرسیوں کا کھیل نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی ترجمانی کا نام ہے۔ اگر سیاسی قیادت واقعی ملک کی بہتری اور عوام کی خوشحالی چاہتی ہے تو اسے آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری، صوبائی حقوق اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسی راستے سے پاکستان ترقی کر سکتا ہے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکتا ہے۔
