بہاولنگر میں آوارہ کتوں کے حملے میں 12 سالہ بچی جاں بحق، موضع عاکوکا ہٹھاڑ میں افسوسناک واقعہ، آوارہ کتوں کی روک تھام میں متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے۔

بہاولنگر کے نواحی علاقے موضع عاکوکا ہٹھاڑ میں آوارہ کتوں کے حملے نے ایک معصوم بچی کی زندگی نگل لی۔ مدرسے جانے والی 12 سالہ بچی ریحانہ پر تقریباً 20 آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکی اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
اس افسوسناک واقعے نے متعلقہ انتظامی اداروں کی کارکردگی اور آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
آخر متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں کب ادا کریں گے؟ آوارہ کتوں کی موجودگی کے باوجود پیشگی حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟ ہر مرتبہ کسی قیمتی انسانی جان کے ضیاع کے بعد ہی انتظامیہ کیوں متحرک ہوتی ہے؟ کیا غریب شہریوں اور ان کے بچوں کی زندگیوں کا کوئی مول نہیں؟
اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور بلدیہ بہاولنگر کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار اداروں کی جواب دہی یقینی بنائی جائے اور آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
سوال یہ ہے کہ آخر کب تک انتظامی اقدامات میں تاخیر کے باعث معصوم شہری اپنی جانیں گنواتے رہیں گے؟ ریحانہ کی المناک موت کا ذمہ دار کون ہے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کب کیے جائیں گے؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *