گڑھی خیرو میں دو روز کے دوران چار موٹر سائیکلیں چوری، ڈکیتی کی وارداتوں اور بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف بروہی برادری کا احتجاج، بیگاری پل پر دھرنا، سندھ اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطانق جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو میں بڑھتی ہوئی بدامنی، موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف بروہی برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے میہر علی اور عبداللہ غلام نبی کی قیادت میں بیگاری پل پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے درمیان آنے جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ گڑھی خیرو میں بدامنی کی صورتحال تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے، گزشتہ دو روز کے دوران چار موٹر سائیکلیں چوری ہوچکی ہیں، جبکہ ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں روز کا معمول بنتی جا رہی ہیں۔ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام وارداتیں کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔
مظاہرین نے آئی جی سندھ اور ایس ایس پی جیکب آباد سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا فوری نوٹس لے کر ڈکیتوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جائیں، چوری اور چھینی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کرائی جائیں اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنا کر شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
