بہاولنگر کے نواحی علاقے چک موگا میں ترقیاتی کاموں کے معیار اور سیوریج کے ناقص نظام کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا ہے، مظاہرین نے جاری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ ناقص مٹیریل کے استعمال اور کام مقررہ معیار کے مطابق نہ ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سولنگ کے دوران مناسب مٹی اور رولر کا استعمال نہیں کیا جا رہا جبکہ سیوریج کی ناقص نکاسی کے باعث بھی انہیں مشکلات کا سامنا ہے، مظاہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا ہے،

بہاولنگر کے نواحی علاقے چک موگا میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، احتجاجی شرکاء نے الزام عائد کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ طور پر ناقص مٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے اور کام مقررہ معیار کے مطابق نہیں کیا جا رہا، مظاہرین کے مطابق سولنگ کی تعمیر کے دوران نہ مناسب مقدار میں مٹی ڈالی جا رہی ہے اور نہ ہی مطلوبہ طریقے سے رولر چلایا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ قریبی گاؤں میں اسی نوعیت کے سولنگ کا کام زیادہ رقبے پر کیا گیا جبکہ چک موگا میں مبینہ طور پر کم رقبے میں کام کیا جا رہا ہے، علاقہ مکینوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ سولنگ کے لیے مٹی کے اخراجات ان سے طلب کیے جا رہے ہیں، مظاہرین کے مطابق تقریباً ایک سال قبل تعمیر کی گئی ٹف ٹائلز بھی بعض مقامات پر بیٹھ چکی ہیں جبکہ نئی ڈالی گئی سیوریج لائن میں بھی لیکیج کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیوریج کی نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گندا پانی سرکاری کھال میں چھوڑا جا رہا ہے، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، مظاہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائنہ کر کے معیار کا جائزہ لیا جائے اور مبینہ بے ضابطگیوں کی شفاف انکوائری کرائی جائے، دوسری جانب ٹھیکیدار چوہدری اکرم کا مؤقف لینے کے لیے ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا، جس کے باعث ان کا مؤقف شامل نہیں کیا جا سکا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *