تہران: ایران کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے اعلان کیا ہے کہ تہران آئندہ چند روز کے دوران آبنائے ہرمز سے باہر ایک نئے محدود بحری علاقے کے قیام کا اعلان کرے گا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محسن رضائی کا کہنا تھا کہ مجوزہ بحری زون امریکی بحریہ کی جانب سے قائم کی گئی ناکا بندی کی حد سے شروع ہوگا اور خلیج کے دیگر علاقوں تک وسیع کیا جائے گا۔

ایرانی عہدیدار نے واضح کیا کہ اس نئے بحری علاقے میں داخل ہونے والے کسی بھی جہاز کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

محسن رضائی کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان ایک متبادل بین الاقوامی بحری گزرگاہ کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سمندری راستے کا تعین عمانی حکام سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید معلومات چند روز میں سامنے لائی جائیں گی۔

ایرانی عہدیدار کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت، عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل اور ایران امریکا کشیدگی کے باعث خلیج کی سمندری صورتحال پہلے ہی انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *