شمالی کوریا نے اپنے قیام کے بعد پہلی مرتبہ قومی پرچم کے سائز اور لمبائی و چوڑائی کے تناسب میں ترمیم کردی ہے۔ نئی آئینی تبدیلی کے تحت ملک کے قومی پرچم کی ساخت پہلے کے مقابلے میں قدرے چوڑی ہوگئی ہے، تاہم اس کے روایتی رنگوں اور بنیادی ڈیزائن کو برقرار رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے نئے آئین میں قومی پرچم کے تناسب سے متعلق ترمیم شامل کی گئی ہے۔ سرکاری پروپیگنڈا ویب پورٹل ’’نینارا‘‘ پر شائع ہونے والی آئینی دستاویز کے مطابق پرچم کی اونچائی اور چوڑائی کا تناسب اب ایک کے مقابلے میں ایک اعشاریہ پینسٹھ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس سے پہلے یہ تناسب ایک کے مقابلے میں دو تھا۔
نئے آئین کے آرٹیکل ۱۶۶ میں کی گئی اس ترمیم کے نتیجے میں قومی پرچم کی لمبائی نسبتاً کم اور چوڑائی زیادہ ہوگئی ہے۔ اس طرح پرچم کی ظاہری ساخت میں تبدیلی آئی ہے، جو ۱۹۴۸ء میں شمالی کوریا کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ کی گئی ہے۔
پرچم کے روایتی رنگ اور ڈیزائن برقرار
آئینی ترمیم کے باوجود شمالی کوریا کے قومی پرچم کی پہچان بننے والے بنیادی ڈیزائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پرچم کے درمیان سرخ رنگ کی ایک چوڑی پٹی موجود ہے، جس کے اوپر اور نیچے سفید رنگ کی باریک پٹیاں جبکہ دونوں جانب نیلے رنگ کی پٹیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔
اس تبدیلی کا تعلق صرف پرچم کے سائز اور تناسب سے ہے، اس کے رنگوں یا بنیادی ساخت سے نہیں۔ نئی آئینی دستاویز میں درج تفصیلات کے بعد قومی پرچم کی ظاہری پیمائش میں تبدیلی کی تصدیق ہوئی ہے
