حویلی لکھا کے لاری اڈا میں رات گئے پیش آنے والے پرتشدد واقعے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کے بعد ضلعی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مرکزی ملزم کو مختصر وقت میں گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ حویلی لکھا کی حدود میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران ایک شخص نے تیز دھار آلے سے دو افراد پر حملہ کر دیا۔ حملے میں بلال اور شرجیل شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے فوری نوٹس لیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کو ہنگامی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ پولیس ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم حامد اللہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے دونوں جاں بحق افراد کی میتیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کرایا، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے
