یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ، ضلعی انتظامیہ کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی صدارت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف پروگراموں کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 5 اگست کو ضلع کونسل ہال میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں منتخب عوامی نمائندے، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے ارکان، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری شریک ہوں گے۔

تقریب کے دوران طلبہ تقاریر، ملی نغموں، ٹیبلوز اور دیگر پروگراموں کے ذریعے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کریں گے، جبکہ اس موقع پر ایک ریلی بھی نکالی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں سیمینارز، خصوصی واکس اور آگاہی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ یومِ استحصالِ کشمیر کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر اہم عمارتوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم آویزاں کیے جائیں گے تاکہ قومی یکجہتی اور کشمیری عوام سے اظہارِ حمایت کو نمایاں کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 5 اگست کے موقع پر اپنے گھروں، دفاتر اور کاروباری مراکز پر پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرا کر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا عملی اظہار کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *