نواب ولی محمد: گاؤں لال بخش بروہی میں 500 فٹ طویل سی سی بلاک روڈ کی تعمیر شروع ہونے پر مقامی آبادی نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس منصوبے سے علاقے کے رہائشیوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بروہی برادری کے نمائندہ منظور علی بروہی نے کہا کہ علاقے کے لیے سڑک کی تعمیر کا آغاز ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے مقامی افراد کی دیرینہ ضرورت کسی حد تک پوری ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ 5 سو فٹ طویل سی سی بلاک روڈ پر کام جاری ہے، تاہم “بروہی ہاؤس” تک پہچانے کے لیے مزید تقریباً ایک ہزار فٹ سڑک کی تعمیر بھی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق باقی ماندہ حصہ مکمل ہونے سے نہ صرف آمدورفت آسان ہوگی بلکہ روزمرہ زندگی میں درپیش مشکلات بھی کم ہوں گی۔
منظور علی بروہی نے اپنے مطالبے میں متعلقہ عوامی نمائندے ایم پی اے ڈاکٹر بہادر ڈاہری سے درخواست کی کہ باقی رہ جانے والے ایک ہزار فٹ سی سی بلاک روڈ کی بھی منظوری دی جائے اور اس منصوبے پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ گاؤں کے تمام رہائشی بہتر سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
