پتوکی کے نواحی گاؤں ہنجراے کلاں میں ہنجراء کرکٹ کلب کے زیرِ انتظام ہنجرا کلاں، پتوکی، ضلع قصور میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے۔ ٹورنامنٹ کے ڈرا نکال دیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی مشروط اجازت کے بعد تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ 25 اور 26 جولائی کو ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے دوران پولیس سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، اسپورٹس انتظامات اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا، کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا اور “منشیات سے پاک قصور، منشیات سے پاک پاکستان” مہم کے تحت نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے۔ ٹورنامنٹ میں تحصیل پتوکی سمیت گردونواح کی متعدد ٹیمیں اور نامور کھلاڑی شرکت کریں گے، جبکہ ایکسپریس میڈیا گروپ ایونٹ کا میڈیا پارٹنر ہوگا۔ نیشنل امپائرز کی نگرانی میں تمام میچز مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کرائے جائیں گے اور ڈرا کے موقع پر تمام ٹیموں کو ٹورنامنٹ کی شرائط، پوائنٹس سسٹم، وکٹ بندی، مقررہ وقت پر گراؤنڈ میں حاضری اور دیگر قوانین سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ منتظمین نے ہنجرا کلاں اور گردونواح کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں گراؤنڈ پہنچ کر نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں، امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، آنے والے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کریں اور علاقے کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 1 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، اس کے علاوہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی انعامات دیے جائیں گے۔
