نصیرآباد: قائم مقام ڈی آئی جی نصیرآباد اسد ناصر کی زیرِ صدارت اقلیتی برادری کی پیس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں اقلیتی برادری کو درپیش سیکیورٹی امور، مذہبی تقریبات کے دوران امن و امان کی صورتحال، باہمی ہم آہنگی کے فروغ اور دیگر درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے تحفظات اور تجاویز سے اجلاس کو آگاہ کیا، جنہیں غور سے سنا گیا۔
قائم مقام ڈی آئی جی نصیرآباداسد ناصر نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اقلیتی برادری کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی پولیس اور اقلیتی برادری کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے پولیس کی جانب سے اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی
