رحیم یار خان میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مون سون انتظامات، سرکاری اداروں کی کارکردگی اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کو عوامی مسائل کے فوری حل اور مون سون سے قبل ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
رحیم یار خان ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ مون سون سے پہلے سیوریج لائنوں، نالوں اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ ہر صورت مکمل کی جائے جبکہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے فوری انخلاء کے لیے جامع پلان تیار رکھا جائے۔
انہوں نے تمام محکموں کو کارکردگی انڈیکیٹرز (KPIs) پر سو فیصد عملدرآمد، روزانہ فیلڈ مانیٹرنگ اور عوامی خدمت میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہ کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بلدیاتی اداروں کو کھلے مین ہولز فوری بند کرنے، سٹریٹ لائٹس فعال رکھنے، گرین بیلٹس کی بحالی، واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل فنکشنل رکھنے اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، وال چاکنگ، غیر قانونی اشتہاری بورڈز اور خطرناک عمارتوں کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مون سون ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تمام مشینری، افرادی قوت اور وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
