گھوٹکی عادلپور: بندھ مائنر کے ٹیل تک پانی نہ پہنچنے پر آبادگاروں کا احتجاج، سیڈا حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ
گھوٹکی عادلپور کے قریب گاؤں پنجل سہتو میں سیڈا سکھر کے ڈائریکٹر عدیل احمد سومرو نے بندھ مائنر کے ٹیل کے آبادگاروں سے ملاقات کرکے آبپاشی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر آبادگاروں نے شکایت کی کہ بندھ مائنر کے آخری حصے تک پانی نہ پہنچنے کے باعث ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی بنجر ہو رہی ہے اور فصلوں کی کاشت متاثر ہونے سے انہیں شدید معاشی نقصان کا سامنا ہے۔
کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ نہر کی کئی برسوں سے صفائی نہ ہونے کے باعث گھاس اور مٹی جمع ہو چکی ہے، جبکہ نہر کے پشتے بھی کمزور ہو گئے ہیں، جو بارشوں کے دوران ٹوٹنے کا خدشہ رکھتے ہیں، جس سے زرعی زمینوں اور قریبی آبادیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
ڈائریکٹر سیڈا سکھر عدیل احمد سومرو نے آبادگاروں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے اور پانی کی فراہمی، نہر کی صفائی اور پشتوں کی مضبوطی کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پانی کی قلت کے خلاف آبادگاروں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بندھ مائنر کے ٹیل تک فوری پانی پہنچایا جائے، نہر کی صفائی اور کمزور پشتوں کی مرمت کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
