گلگت بلتستان میں تاریخی کامیابی پر نوابزادہ امیر خان لاڑک کا اظہارِ تشکر
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور بلاول بھٹو جیالا فیڈریشن کے مرکزی صدر نوابزادہ امیر خان لاڑک نے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی شاندار کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی قیادت پر عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ عوام نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ’’حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار‘‘ کے عوام دوست بیانیے کی بھرپور توثیق کر دی ہے۔نوابزادہ امیر خان لاڑک نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عوام دوستی، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کا فلسفہ آج بھی گلگت بلتستان کے عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔عوامی محبت، اعتماد اور نظریاتی وابستگی ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی اصل بنیاد بنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورِ حکومت میں گلگت بلتستان کو اہم سیاسی اور انتظامی حقوق دیے، اور یہ سفر مستقبل میں مزید آگے بڑھایا جائے گا تاکہ عوام کو مزید بااختیار بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی نہیں بلکہ ترقی، امن، خوشحالی اور جمہوری اقدار پر یقین رکھنے والے ہر ووٹر کی فتح ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں، خواتین اور محروم طبقات کی آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔نوابزادہ امیر خان لاڑک نے گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے امید، جمہوریت اور عوامی خدمت کا پرچم بلند کرنے والے تمام شہری مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں گلگت بلتستان کو ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کا مثالی خطہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوامی خدمت کا ایک نیا باب رقم ہوگا۔