کمیر شریف میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، تھانہ کمیر پولیس نے کالا برینڈ بدمعاش گروپ کے تین ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان پر ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور شہریوں کو ہراساں کرنے کے الزامات ہیں۔
ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی ہدایات پر تھانہ کمیر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کالا برینڈ بدمعاش گروپ کے تین ملزمان قاسم، مبشر اور مسعود کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے ذریعے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور شہریوں کو ہراساں کرنے میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کر رہے تھے۔ ایس ایچ او تھانہ کمیر انسپکٹر محمد ارشد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو حراست میں لیا۔ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے واضح کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
