رحیم یار خان ضلعی ویٹ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس، گندم کی کاشت کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ رواں سیزن میں 8 لاکھ 20 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کی جا رہی ہے۔ اے ڈی سی انفورسمنٹ چوہدری اعتزاز انجم نے جعلی کھاد، بیج اور زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
رحیم یار خان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ چوہدری اعتزاز انجم کی زیر صدارت ضلعی ویٹ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں زیادہ گندم اگاؤ مہم اور کاشت کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سیزن 2026-27 میں ضلع بھر میں 8 لاکھ 20 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کی جا رہی ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ رقبہ 8 لاکھ 4 ہزار ایکڑ تھا۔ چوہدری اعتزاز انجم نے جعلی کھاد، بیج اور زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل مقررہ قیمتوں پر فراہم کرنے، نہری پانی کی بلا تعطل فراہمی اور کھاد کی مصنوعی قلت و ذخیرہ اندوزی روکنے پر زور دیا۔ اجلاس میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی سفارشات اور کاشتکاروں کی فنی رہنمائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ زراعت، محکمہ انہار اور کھاد و پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان شریک ہوئے۔
