چیئرمین واسا پنجاب نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے ضلع چکوال کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ تلہ گنگ سے رکن پنجاب اسمبلی ملک فلک شیر اعوان اور رکن پنجاب اسمبلی ملک شہریار اعوان بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ بھون روڈ چکوال میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واسا پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے بھر میں واسا کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف پینے کے پانی، مؤثر نکاسیٔ آب اور بہتر شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ چکوال سمیت مختلف شہری علاقوں میں پانی اور سیوریج سے متعلق منصوبوں پر عملدرآمد سے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور بنیادی سہولیات کا معیار بہتر ہوگا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی خان نے بتایا کہ ضلع چکوال میں صاف پانی کی فراہمی کے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے چیئرمین واسا کو جاری ترقیاتی اسکیموں، پانی کی فراہمی کے نظام اور صارفین کو درپیش بلنگ کے مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

میڈیا کی جانب سے اوور بلنگ اور ایسے صارفین کو بل بھیجے جانے کے بارے میں سوالات کیے گئے جن کے پاس پانی کا کنکشن موجود نہیں۔ اس پر چیئرمین واسا پنجاب نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں ایسی شکایات درست ثابت ہوئیں تو ذمہ دار افسران اور متعلقہ عملے کے خلاف قواعد کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ناانصافی یا غیر ضروری مشکلات برداشت نہیں کی جائیں گی اور شفافیت، احتساب اور میرٹ کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ ان کے مطابق واسا کے جاری اور آئندہ منصوبوں کا مقصد نہ صرف پانی اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانا ہے بلکہ شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط، ماحول کو صاف ستھرا اور عوام کی زندگی کو زیادہ سہل بنانا بھی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *