کراچی میں سندھ ہائی کورٹ نے سندھ نیشنل پارٹی (SNP) کے سینئر وائس چیئرمین رمضان بلیدی کی عبوری ضمانت ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا، جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں نے انہیں عدالت کے احاطے سے اپنی تحویل میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق مقدمہ سہراب گوٹھ ٹاؤن کے چیئرمین لالا عبدالرحیم سے متعلق سوشل میڈیا پر کی گئی مبینہ پوسٹس اور الزامات کے تناظر میں زیرِ سماعت تھا۔ عدالت میں سماعت کے دوران پیش کیے گئے ریکارڈ اور دلائل کا جائزہ لینے کے بعد عبوری ضمانت برقرار رکھنے کی درخواست منظور نہ کی گئی، جس کے نتیجے میں ضمانت منسوخ کر دی گئی۔

عدالتی حکم جاری ہونے کے فوراً بعد ایف آئی اے کی ٹیم نے رمضان بلیدی کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

دورانِ سماعت رمضان بلیدی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف کارروائی سہراب گوٹھ ٹاؤن کے چیئرمین لالا عبدالرحیم کی شہریت سے متعلق معاملہ عوام کے سامنے لانے کے باعث کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب عدالتی کارروائی کے بعد کیس سے متعلق مزید قانونی مراحل جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *