این ڈی ایم اے کا 24 جولائی تک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق الرٹ، متعدد علاقوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 24 جولائی تک ممکنہ سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے شہریوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو احتیاطی اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران شدید بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں، مقامی ندی نالوں اور پہاڑی برساتی گزرگاہوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے، جس سے بعض مقامات پر فلیش فلڈ کا خطرہ پیدا ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں ہنزہ، شگر اور گانچھے کے مختلف علاقوں میں بہنے والے دریاؤں اور برساتی گزرگاہوں میں تیز بہاؤ متوقع ہے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں دریائے جہلم، نیلم، پونچھ اور دیگر معاون ندی نالوں میں پانی کی مقدار بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، کابل اور پنجکوڑہ سمیت متعدد دریاؤں اور مختلف اضلاع کے برساتی نالوں میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان بتایا گیا ہے۔ اسی طرح پنجاب میں ڈی جی خان کے پہاڑی نالوں، دریائے سواں، پوٹھوہار کے علاقوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے برساتی سلسلوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب اور دریائے جہلم کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ متعدد مقامی ندی نالوں میں بھی اچانک طغیانی کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان موجود ہے۔ اگر بھارت کے بالائی ڈیموں سے پانی چھوڑا گیا تو دریائے راوی اور ستلج میں بھی پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔
راولپنڈی، جہلم، گجرانوالہ، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، چکوال اور اٹک کے نشیبی شہری علاقوں میں بارش کے پانی کے جمع ہونے اور شہری سیلاب جیسے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے، امدادی ٹیمیں پیشگی تیار رکھی جائیں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری وسائل دستیاب ہوں۔
عوام سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ ، ندی نالوں اور برساتی راستوں کو پار کرنے سے گریز کریں، موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری خطرات مول نہ لیں۔
علاوہ ازیں 21 سے 23 جولائی کے دوران چترال اور گلگت بلتستان کے مختلف پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور ملبے کے ریلے آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ کئی اہم شاہراہوں اور پہاڑی راستوں پر سفر کرنے والوں کو خصوصی احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر مؤخر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی شاہراہوں کی نگرانی، ہنگامی عملے کی تیاری اور کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں فوری بحالی کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مستند ذرائع سے موسمی اور ہنگامی اطلاعات حاصل کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
