پتوکی کے نواحی علاقے ہنجرائے کلاں میں محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے گل گھوٹو سے بچاؤ کی ویکسینیشن کے بعد دودھ پیتے مویشی ہلاک جبکہ متعدد بڑے جانور بیمار پڑ گئے۔ مویشی پال حضرات نے ویکسینیشن کے مبینہ مضر اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات اور جانوروں کے علاج کا مطالبہ کیا ہے۔
مویشی پال حضرات کے مطابق ویکسینیشن کے بعد متاثرہ جانوروں نے چارہ کھانا چھوڑ دیا اور کمزور ہونے لگے، جبکہ بعض جانوروں کے انجیکشن لگنے کی جگہ پر سوجن بھی ہوگئی۔ مویشی پال حضرات کا دعویٰ ہے کہ ان کی غیر موجودگی میں جانوروں کو ویکسین لگائی گئی، جس کے بعد جانور بیمار پڑنے لگے۔ ان کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے مالیت کے مویشی متاثر ہونے سے انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔
دوسری جانب محکمہ لائیو سٹاک کا مؤقف ہے کہ جانوروں کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ گل گھوٹو سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی ہے۔ متاثرہ مویشی پال حضرات نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور محکمہ لائیو سٹاک کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس، متاثرہ جانوروں کے علاج اور ویکسینیشن کے معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
